واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
ایران مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے، دشمن کے تمام منصوبے ناکام ہوئے: صدر پزشکیان
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو “شاندار شخصیات” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے لکھا: “پاکستان اور اس کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ، دو شاندار افراد۔”
ذرائع کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، جنہیں بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
دوسری جانب رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کو تجارتی بحری جہازوں کے لیے دوبارہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، جس کے بعد خطے میں بحری آمدورفت معمول پر آنے کی توقع ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا تھا کہ جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھلا رکھا جائے گا تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو، تاہم جہازوں کو مقررہ روٹس اور میری ٹائم قواعد کی پابندی لازمی ہوگی۔
