کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت ضلع کیماڑی میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
عوام دوست مویشی منڈی میں اونٹوں کی آمد، رونقیں عروج پر
ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی ہدایت پر ڈی سی آفس سے نکالی جانے والی اس ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سائٹ ندا سمن نے کی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں، ضلعی عملے اور مورڑو میر بحر ٹاؤن کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے سید عاصم منیر اور شہباز شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین علی اکبر اور ٹاؤن میونسپل کمشنر الٰہی بخش سیال کی ہدایات پر بھی ملازمین کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر ذمہ دار سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
آخر میں وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
