دوحہ: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اپنے دورۂ قطر کے دوران دوحہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ پہنچ گئے، مسجد نبوی ﷺ میں حاضری — قطر روانگی متوقع
قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور ان کے وفد کی آمد پر دوحہ ایئرپورٹ اور شہر کے مختلف حصوں کو پاکستانی پرچموں سے خصوصی طور پر سجایا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
سرکاری شیڈول کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے اہم دوطرفہ ملاقات کریں گے، جس میں خطے اور عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کی کوششوں سمیت باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیر اعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی موجود ہیں۔
