کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہری سہولیات کی بہتری اور پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے صدر ٹاؤن میں طویل عرصے سے بند بلوچ پارک واٹر پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کا کام تیز کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف دوحہ پہنچ گئے، امیرِ قطر سے اہم ملاقات متوقع
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق یہ پمپنگ اسٹیشن یونین کمیٹی 5، 6 اور 7 میں واقع ہے، جس کی بحالی کے بعد تقریباً 60 سے 70 ہزار آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد صدر ٹاؤن کے ان علاقوں میں پانی کی فراہمی کی صورتحال میں نمایاں بہتری متوقع ہے جو طویل عرصے سے قلت آب کا شکار تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ پمپنگ اسٹیشن گزشتہ عرصے سے غیر فعال تھا جبکہ اس کی موٹریں، کیبلز اور دیگر مشینری ناکارہ ہو چکی تھی اور عمارت بھی خستہ حالی کا شکار تھی۔ تاہم موجودہ بلدیاتی قیادت اور واٹر کارپوریشن کی فعال حکمت عملی کے تحت اس منصوبے کی بحالی کا عملی آغاز کر دیا گیا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان کے دورے کے بعد دی گئی ہدایات کی روشنی میں نہ صرف عمارت کی مرمت جاری ہے بلکہ جدید مشینری کی تنصیب اور نظام کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے علاقے میں پانی کی فراہمی بہتر ہوگی اور دیرینہ عوامی مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔

