کراچی: کھارادر جنرل ہسپتال اسکول آف نرسنگ کے زیر اہتمام ہاکس بے یونس آباد بنیادی صحت مرکز میں مفت ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے سینکڑوں مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف دوحہ پہنچ گئے، امیرِ قطر سے اہم ملاقات متوقع
کیمپ میں مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا، مختلف ٹیسٹ کیے گئے، ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ضرورت مند افراد کو چشمے اور دیگر طبی سہولیات بھی دی گئیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کھارادر جنرل ہسپتال کے صدر اور معروف صنعتکار محمد بشیر جان محمد نے کہا کہ ملک اس وقت نازک معاشی حالات سے گزر رہا ہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام شہری کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، ایسے میں فلاحی اقدامات قومی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول آف نرسنگ کا یہ اقدام انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر نرسنگ سندھ نجمہ منگی نے کہا کہ انسانی خدمت کے جذبے اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کے ذریعے نرسنگ کا شعبہ صحت کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہی ضروری ہے، اور صحت مند معاشرہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
ڈائریکٹر کھارادر اسکول آف نرسنگ طلعت پروین شاہ نے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ کے درست استعمال سے بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نرسنگ طلبہ کو عزم اور لگن کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔
اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر بریگیڈیئر ڈاکٹر آفتاب احمد، پرنسپل محمد شاہد، ٹی ایچ او، مقامی عمائدین اور سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کیمپ کو سراہا۔
بعد ازاں مہمانوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اسکول آف نرسنگ کے طلبہ نے کیمپ سے قبل علاقے کا سروے کیا اور مقامی صحت کے مسائل کے مطابق طبی خدمات فراہم کیں۔
