کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی ہدایت پر گلبرگ ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن آپریشن کیا گیا، جس کے دوران عزیز آباد بلاک تھری کی گوشت مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں قائم غیر قانونی ڈھانچوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔
پاک بحریہ کا اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کامیاب تجربہ
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طہٰ سلیم کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ افشاں ریکی اور مختیار کار وسیم تاج نے کارروائی کی قیادت کی۔ آپریشن کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی ٹھیلے، پتھارے، دکانوں سے باہر نکلی ہوئی تعمیرات، دیواریں اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں جو ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی آمد و رفت میں مشکلات کا باعث بن رہی تھیں۔
اسسٹنٹ کمشنر افشاں ریکی نے کہا کہ دکانداروں کو متعدد بار پیشگی وارننگ دی گئی تھی تاہم مسلسل خلاف ورزی پر کارروائی ناگزیر ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دکانوں کے اوپر نصب غیر قانونی سائن بورڈز اور چھجے بھی مسمار کیے گئے تاکہ شہری راستے کھلے اور محفوظ رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ حدود کے اندر رہ کر کاروبار کریں اور عوامی راستوں کو بند کرنے سے گریز کریں۔
کارروائی کے دوران متعلقہ پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر طہٰ سلیم کی واضح ہدایات کے مطابق شہری سہولیات کی بہتری اور ضلع کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

