کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون کے تھانہ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے ایک اندھے قتل کے سنگین مقدمے کو صرف 48 گھنٹوں کے اندر کامیابی سے حل کرتے ہوئے اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔ ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر تفتیش کے نتیجے میں کیس کی گتھی سلجھا لی گئی۔
آئی جی سندھ کا نیشنل بینک اسٹیڈیم دورہ، پی ایس ایل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
اس کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران نے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم کے فوری سراغ اور ان کے حل میں پولیس کی بروقت کارروائی انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور اسی جذبے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
افسران نے مزید ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور جدید تفتیشی طریقوں کو بروئے کار لا کر شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس طرح کی کامیاب کارروائیاں نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ شہر میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
