کراچی: ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی کے نویں روز بھی ملک بھر سے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف صوبوں اور اضلاع سے بیوپاری بڑی تعداد میں اپنی منڈیاں لے کر پہنچ رہے ہیں۔
اسکیم 33 میں اوشین 99 کے ڈنر ایونٹ، بوہرا کمیونٹی کا بھرپور اعتماد
منڈی انتظامیہ کے مطابق اس وقت مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد جانور منڈی میں موجود ہیں، جن میں بلوچستان کے شہر حب، پنجاب کے ضلع رحیم یار خان، سندھ کے اضلاع جیکب آباد اور سبی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے لائے گئے جانور شامل ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق منڈی کے تمام بلاکس میں جانوروں کے لیے 24 گھنٹے پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور ورکرز مسلسل متحرک ہیں تاکہ کسی بھی جگہ پانی کی قلت پیدا نہ ہو۔
ٹھیکیدار سرفراز نے بتایا کہ واٹر سپلائی کے لیے منڈی کے وسط میں 30 ہزار گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ تین بڑے ٹینکرز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف بلاکس میں ایک ہزار گیلن کے ٹینکرز بھی روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم کر رہے ہیں۔
واٹر سپلائی منیجر کے مطابق چھوٹے جانوروں کو روزانہ 8 لیٹر جبکہ بڑے جانوروں کو 30 لیٹر پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ جانوروں کی فراہمی کے لیے بیوپاریوں کے کارڈز کے مطابق تعداد کا تعین کیا جاتا ہے اور اسی حساب سے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
منڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت پانی کی کوئی قلت نہیں اور تمام سہولیات بلا تعطل جاری ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
