پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشتگرد نور عالم عرف وفادار کو گرفتار کر لیا۔
کراچی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ٹینگو گروہ کے 3 ملزمان گرفتار
کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران گرفتار دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشتگرد 2014 میں مفتی نور ولی کے گروہ میں شامل ہوا اور تربیت حاصل کرنے کے بعد جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔
دورانِ تفتیش دہشتگرد نے انکشاف کیا کہ 2021 میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مکین میں لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جہاں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں اس کے دو ساتھی مارے گئے، جبکہ حملہ آوروں نے لیویز کے 6 اہلکاروں کو اغواء بھی کیا۔
مزید انکشافات کے مطابق دہشتگرد اپنے ساتھیوں خان محمد عرف خورائی اور نقیب اللہ عرف معاویہ کے ساتھ وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے راستوں پر متعدد آئی ای ڈیز نصب کرنے اور دھماکوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
حکام کے مطابق جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران یہ دہشتگرد افغانستان فرار ہو گیا تھا، جہاں سے فتنہ الخوارج کے کمانڈر بلال عرف طوفان کی ہدایات پر دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور معاونت کرتا رہا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم کچھ عرصے سے کراچی میں روپوش تھا اور افغانستان میں موجود اپنے ساتھیوں کی ہدایات پر شہر میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگرد کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔
گرفتار ملزم کو اسلحہ و بارودی مواد سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
