پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پٹھان کالونی سے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث "ٹینگو گروہ” کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
کراچی میں کمیونٹی پولیسنگ کا نیا دور، جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح
گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل شاہ ولد عزت علی، صابر رحمن ولد حبیب الرحمن اور کریم اللہ عرف لالا ولد حاجی محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا، اتحاد ٹاؤن اور منگھو پیر میں اسلحے کے زور پر 300 سے 400 موبائل فونز، موٹر سائیکلیں اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
تحقیقات کے دوران ملزم کریم اللہ عرف لالا نے ماہ رمضان کے دوران تقریباً 30 موبائل فون چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔
مزمل شاہ گروہ کا اہم رکن بتایا جاتا ہے جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ بھٹی پارک میں پولیس مقابلے کے دوران ایک اہلکار کو زخمی کرنے میں بھی ملوث رہا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔
جبکہ صابر حسین چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت میں سہولت کار کے طور پر کام کرتا تھا۔
رینجرز کے مطابق گروہ کے دو مزید ساتھی پہلے ہی جیل میں ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ بعد ازاں ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
