اسلام آباد میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستہ تعینات، دفاعی تعاون مزید مضبوط
وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت ایران کی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے جبکہ وفد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کی صورتحال پر غور کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں جاری مذاکراتی عمل اور سفارتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہتے ہوئے اسے امن کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنا فعال اور مخلصانہ کردار بطور ثالث جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بامعنی نتائج کے حصول کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خلوص نیت کے ساتھ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
