اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، پاکستان کا ثالثی کردار جاری رکھنے کا عزم
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی وفد کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سفارتکاری اور مذاکرات ہی مسائل کا مؤثر حل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ایران اور امریکا کے وفود کی جانب سے مذاکرات میں مثبت اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے سہولت کاری کے کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے جاری مذاکرات کے نتیجے میں دونوں اطراف کے درمیان کشیدگی میں کمی آئے گی اور خطے میں استحکام کی نئی راہیں کھلیں گی۔
