کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت بچا لیا۔ یہ کارروائی ایک تجارتی بحری جہاز "ایم وی گولڈ آٹم” سے موصول ہونے والے ہنگامی سگنل کے بعد عمل میں لائی گئی۔
ٹرمپ کی نائب صدر کو ایران جنگ سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے کی ہدایت
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جہاز پاکستانی ساحل سے تقریباً 200 ناٹیکل میل (370 کلومیٹر) جنوب میں موجود تھا۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔
ہنگامی اطلاع ملتے ہی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اپنے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کیا اور فوری حکمت عملی کے تحت پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔
پی این ایس حنین نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف جہاز پر لگی آگ بجھانے میں معاونت کی بلکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں بحفاظت ریسکیو کیا۔ بعد ازاں تمام افراد کو مزید طبی سہولیات اور اپنے ممالک واپسی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی انسانی ہمدردی کی کارروائیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ وہ اپنی سمندری حدود میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

