آبنائے ہرمز پر ایران کا نیا ٹیکس نظام نافذ

تہران: ایران نے Strait of Hormuz سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں پر فی بیرل ایک ڈالر ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ٹول ٹیکس کرپٹو کرنسی میں وصول کیا جائے گا۔

جنگ بندی سے قبل امریکا کا پاکستان پر دباؤ

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پیٹرولیم ایکسپورٹرز یونین کے ترجمان حامد حسینی نے بتایا کہ ایران اب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر جہاز کی کڑی نگرانی کرے گا اور اس سے باقاعدہ فیس وصول کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل بردار جہازوں کے لیے ایک ڈالر فی بیرل فیس مقرر کی گئی ہے جبکہ خالی جہازوں کو مفت گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہر جہاز کو اپنی کارگو تفصیلات ای میل کے ذریعے ایرانی حکام کو فراہم کرنا ہوں گی، جس کے بعد جانچ پڑتال مکمل ہونے پر چند سیکنڈز کے اندر Bitcoin کے ذریعے ادائیگی کرنا لازمی ہوگا۔

حامد حسینی کے مطابق اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والی اشیاء کی نگرانی کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ہتھیاروں کی منتقلی کو روکا جا سکے، خاص طور پر جنگ بندی کے حالیہ تناظر میں۔

خبر ایجنسی کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت ایران اور Oman دونوں اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں سے محصولات وصول کریں گے۔ ایران ان فنڈز کو تعمیر نو کے لیے استعمال کرے گا جبکہ عمان کے منصوبوں کی تفصیلات تاحال واضح نہیں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق خلیج میں موجود جہازوں کو سختی سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے ایرانی حکام سے اجازت لیے بغیر گزرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے، حتیٰ کہ انہیں نشانہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے فیصلے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کرتی ہے۔ جنگ بندی کے بعد کچھ بحری جہازوں کی آمدورفت بحال ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں لبنان پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں ایران نے تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت محدود کر دی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت خلیج میں تقریباً 187 جہازوں پر 175 ملین بیرل تیل اور پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں، جبکہ 300 سے 400 جہاز مزید روانگی کے منتظر ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں صرف وہی جہاز گزر سکیں گے جنہیں ایران کی جانب سے اجازت دی جائے گی، جبکہ جنگ سے قبل روزانہ تقریباً 135 جہاز اس راستے سے گزرتے تھے۔

One thought on “آبنائے ہرمز پر ایران کا نیا ٹیکس نظام نافذ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!