وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ اس گفتگو کا دورانیہ 45 منٹ رہا اور اس دوران دونوں فریقین نے مستقبل کی صورتحال اور سیز فائز کے اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ابوظبی: سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی
وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت کی سیز فائز کے لیے دانشمندانہ اور مؤثر کردار کی تعریف کی اور امریکا کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی تعظیم کا پیغام بھیجا۔
اعلامیے کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران کا وفد مذاکرات کے لیے جلد اسلام آباد آئے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جامع مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے، جن میں ایران کی جانب سے اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور اسٹیو وٹکوف شریک ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات پر ارکان کو بریف کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے پر بھی خراج تحسین پیش کیا، جس سے خطے میں امن کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔
اس ٹیلی فونک رابطے اور مذاکرات کے ذریعے پاکستان نے خطے میں امن قائم رکھنے میں اپنا اہم کردار دہراتے ہوئے، عالمی سطح پر مثبت سفارتی توازن قائم کرنے کی جانب قدم بڑھایا ہے۔
