امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایران نے بھی آبنائے ہرمز کو تمام بحری جہازوں کے لیے دو ہفتے کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور عالمی تجارت کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
پاکستان اور ایران نے امریکا ایران جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قومی سلامتی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے وہ اپنے عزیز بھائی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مشکور ہیں، جنہوں نے خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے انتھک کوششیں کیں۔
عباس عراقچی نے بتایا کہ ایران نے وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل اور 15 نکاتی تجاویز کی روشنی میں امریکا کی جانب سے مذاکرات کی درخواست قبول کرلی ہے، جبکہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی 10 نکاتی تجاویز پر عمومی فریم ورک پر اتفاق کرلیا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس بنیاد پر اگر ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ روک دیا گیا تو ایرانی افواج بھی دفاعی کارروائیاں مؤخر کردیں گی۔ اسی سلسلے میں، ایرانی فوج سے رابطے کے بعد آبنائے ہرمز سے دو ہفتے کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا، تاہم اس دوران تمام تکنیکی قیود کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
یہ اقدام خطے میں امن قائم رکھنے، تجارتی راستوں کی روانی برقرار رکھنے اور امریکا ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غمازی کرتا ہے۔
