کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ میٹرک بورڈ امتحانات میں انتظامی غفلت اور بدنظمی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات کسی صورت قبول نہیں کیے جا سکتے اور فوری طور پر ملتوی کیے جائیں۔
درخشاں پولیس کی کارروائی، ڈی ایچ اے میں فحش ڈانس پارٹی ناکام، 21 گرفتار
آفاق احمد نے والدین اور طلبہ سے گفتگو میں کہا کہ امتحانات کا موجودہ شیڈول طلبہ کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر رہا ہے کیونکہ صرف دو روز باقی رہ گئے ہیں، مگر ایڈمٹ کارڈز جاری نہیں ہوئے، امتحانی مراکز فائنل نہیں ہیں اور انتظامات بھی مکمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار لاکھ سے زائد طلبہ کو غیر یقینی صورتحال میں امتحانات دینے پر مجبور کرنا حکومت کی ضد ہے، جو بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوامی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے امتحانات کی تاریخ کم از کم ایک ہفتے بڑھا دی جائے، نیا تفصیلی شیڈول 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے، تمام ایڈمٹ کارڈز فراہم کیے جائیں اور امتحانی مراکز اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔
آفاق احمد نے مزید کہا کہ وہ ہر سطح پر طلبہ اور والدین کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ بچوں کے مستقبل کو انتظامی نااہلی کی نذر کرے، اور اگر صورتحال میں اصلاح نہ ہوئی تو والدین اور طلبہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
