سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی یومِ شہادت کے موقع پر ضلع وسطی کراچی کے مختلف علاقوں میں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
ایف آئی اے کی بڑی کارروائیاں، انسانی اسمگلنگ بے نقاب، خاتون ریسکیو
اس موقع پر انچولی، خواجہ اجمیر نگری، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریبات میں ضلعی صدر سردار خان، شہزاد مجید، توقیر احمد اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات اور ملکی تاریخ میں ان کے کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سردار خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک نظریہ تھے جو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے، جبکہ توقیر احمد نے کہا کہ بھٹو شہید نے اپنی قربانی سے تاریخ کا رخ بدل دیا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا کردار کلیدی رہا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو ذوالفقار علی بھٹو کے وژن اور نظریات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریبات کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔

