اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 137 روپے 23 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
خواجہ آصف: بھارت کی دھمکی آمیز زبان متوقع اور ناقابل قبول
اسی طرح، حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 184 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری جنگ نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور توانائی کی قیمتوں میں بھونچال پیدا کر دیا ہے، جس کی وجہ سے حکومت کو مشکل اور ذمہ دارانہ فیصلے کرنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہ فیصلہ معاشی حالات کی سنگینی کے پیش نظر کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے تحت کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے اور کفایت شعاری کی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں قوم کو اتحاد اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ معاشی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیر پیٹرولیم نے حکومت کی طرف سے صدر مملکت، وزرائے اعلی اور اتحادی جماعتوں کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں قوم کی اجتماعی ذمہ داری اور حکومتی اقدامات ضروری ہیں۔
