سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز قرارداد پر ووٹنگ مؤخر

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل آبنائے ہرمز سے متعلق ایک اہم قرارداد پر ووٹنگ اچانک شیڈول سے ہٹا دی گئی، جس کے بعد اس معاملے پر عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کر دیا

تفصیلات کے مطابق بحرین کی جانب سے پیش کردہ اس مسودہ قرارداد پر جمعرات 2 اپریل کو جاری کردہ شیڈول کے تحت ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق جمعہ 3 اپریل کو صبح 11 بجے ہونا تھی۔ تاہم بعد ازاں اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے نئے شیڈول میں اس قرارداد پر ووٹنگ کی کارروائی کو مکمل طور پر نکال دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے سے ووٹنگ ہٹانے کی کوئی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی، جبکہ اس قرارداد پر دوبارہ ووٹنگ کے لیے کسی نئی تاریخ کا اعلان بھی تاحال نہیں کیا گیا۔ اس غیر متوقع پیش رفت نے سفارتی حلقوں میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

یاد رہے کہ بحرین کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف میں بین الاقوامی تجارتی جہازرانی کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا، خاص طور پر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اس اقدام کو اہم قرار دیا جا رہا تھا۔

ادھر چین نے پہلے ہی اس مسودہ قرارداد پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ کسی ایسی شق کی مخالفت کرے گا جس میں طاقت کے استعمال کی اجازت دی گئی ہو۔ چونکہ چین سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور اسے ویٹو کا اختیار حاصل ہے، اس لیے اس کی مخالفت کو قرارداد کے مستقبل کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ووٹنگ کا اچانک التوا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ رکن ممالک کے درمیان ابھی تک مکمل اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکا، اور ممکنہ طور پر مزید سفارتی مشاورت کے بعد ہی اس معاملے کو دوبارہ ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

One thought on “سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز قرارداد پر ووٹنگ مؤخر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!