کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کسٹمز حکام نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی کمپیوٹر پروسیسرز برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
آزادی صحافت کیلئے معاشرتی خرابیوں کا خاتمہ ضروری، سعید غنی
کسٹمز ترجمان کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز EK-606 کے ذریعے کراچی پہنچنے والے مسافر شاہد متین نے گرین چینل سے گزر کر ایئرپورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران مسافر نے انٹرنیشنل ارائیول ہال کے ایگزٹ گیٹ کی جانب تیزی سے دوڑ لگا دی، تاہم وہاں موجود مستعد کسٹمز اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔
حکام کے مطابق مسافر کی جامع تلاشی کے دوران اس کے جسم سے مہارت کے ساتھ چھپائے گئے 102 عدد قیمتی Intel Core i7 اور i9 پروسیسرز برآمد ہوئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 70 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
کسٹمز حکام نے برآمد شدہ تمام سامان کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کر کے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کے تحفظ اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

