کراچی: شہر میں حالیہ تیز بارش کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف اہم علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات، مشینری کی کارکردگی اور فیلڈ اسٹاف کی موجودگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میئر کے ہمراہ سی ای او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسد اللہ خان بھی موجود تھے، جنہوں نے بارش کے دوران نکاسی آب کے موثر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کراچی ایئرپورٹ پر مسافر سے 70 لاکھ مالیت کے پروسیسرز برآمد، اسمگلنگ ناکام
میئر کراچی نے جوہر موڑ، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، ناظم آباد ٹاؤن، کے ڈی اے پمپنگ اسٹیشن اور منور سہروردی انڈر پاس سمیت شہر کے متعدد حساس مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے، پانی جمع ہونے والے مقامات پر فوری کارروائی اور نشیبی علاقوں میں بروقت مدد کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان کے مطابق میئر کراچی نے واٹر کارپوریشن اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی بروقت اور مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف کی محنت اور مشینری کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت دی کہ بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات جاری رہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
