دفتر خارجہ: پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے میں، خطے میں قیام امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں مصروف ہے اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی کوششیں جاری، خطے کی کشیدگی سے معاشی اثرات

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے رابطے ہوئے ہیں اور پاکستان نے خطے میں قیام امن کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، جس دوران خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک ہے اور سفارت کاری ہی امن قائم رکھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی قیادت کے ساتھ پاکستان مسلسل قریبی رابطے میں ہے اور مشاورت جاری ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نائب وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل تھا، جس میں پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور آبنائے ہرمز سمیت بحری راستوں میں جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ چین اور پاکستان کے مشترکہ پانچ نکاتی امن منصوبے کو عالمی سطح اور خطے میں پذیرائی حاصل ہوئی اور یہ منصوبہ ایران، امریکا اور دیگر متعلقہ فریقین تک پہنچایا گیا۔ امریکی قیادت نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکا نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا اور سہولت کاری کے کردار کو سراہا، جبکہ آئندہ مرحلے میں متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات پر توجہ دی جائے گی تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

One thought on “دفتر خارجہ: پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے میں، خطے میں قیام امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!