کراچی (اسٹاف رپورٹر) – سندھ کابینہ کی سب کمیٹی برائے سندھ سرکاری ملازمین بینیولینٹ فنڈ (Benevolent Fund) کا اجلاس بدھ کے روز وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی اور وزیر تجارت و صنعتکار سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایس اینڈ ڈی جی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، ایڈیشنل سیکرٹری بینیولینٹ فنڈ اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔
کراچی میں آندھی اور بارش کا الرٹ
اجلاس میں ملازمین کے بینیولینٹ فنڈز کے ذریعے سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری ملازمین جن کی ماہانہ تنخواہوں سے کچھ رقم کٹوتی کر کے بینیولینٹ فنڈ میں جمع کی جاتی ہے، ان کو مزید زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت بینیولینٹ فنڈ سے وفات پانے والے ملازمین کے اہلخانہ کو معاوضہ فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ گریڈ 1 سے 21 تک کے ملازمین اور افسران کو اس مد میں صرف محدود رقم دی جاتی ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمین کے بینیولینٹ فنڈ کے بہتر استعمال اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے یہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر کے کابینہ میں پیش کرے گی تاکہ فنڈ سے ملازمین کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
