کراچی (اسٹاف رپورٹر) – محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کل سے کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری الرٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے اثرات 4 اپریل تک سندھ کے مختلف علاقوں میں نظر آئیں گے۔
خیبرپختونخوا میں 13 خوارج ہلاک
محکمہ موسمیات نے کراچی، جامشورو، دادو، لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد، مٹیاری، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
کراچی میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کی توقع ہے جبکہ جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے کچھ مقامات پر درمیانی، چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث بجلی کے کھمبے، سولر پینلز، بل بورڈز اور کھڑی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
