کراچی (اسٹاف رپورٹر) – آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس کے ہمراہ مشترکہ اسنیپ چیکنگ کا آغاز کیا ہے۔
پاکستان میں نئے ڈیپ سی پورٹس اور انرجی سٹی منصوبہ
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے طارق روڈ اور اللہ والی چورنگی پر قائم اسنیپ چیکنگ پوائنٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ چیکنگ کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، اے وی ایل سی اور ایکسائز پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ کارروائی کے دوران فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، غیر قانونی ہوٹرز اور ریڈ و بلیو لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے حکام نے بتایا کہ یہ مہم شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کے تحت جاری ہے اور آئندہ بھی ایسے اقدامات متواتر کیے جائیں گے تاکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

