کراچی (ضلع ملیر) – گڈاپ سٹی پولیس نے مضر صحت مردہ جانور کا گوشت خرید و فروخت کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سپر ہائی وے کی حدود سے ملزم کو حراست میں لیا۔
میئر کراچی اسپنسر آئی ہسپتال کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ
گرفتار ملزم کی شناخت کاشف علی ولد مظفر علی کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے مردہ جانور کا گوشت اور سپلائی کے لیے استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم مردہ جانور کا گوشت مختلف ہوٹلوں میں فروخت کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور اس کے خلاف الزام نمبر 191/2026 کے تحت دفعات 269، 272 اور 273 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ملیر پولیس کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت کی اطلاع فوری پولیس کو دی جائے تاکہ شہریوں کی صحت و تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

