کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 5 پولیس مقابلے کیے، جن کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک، 3 زخمی اور 4 کو گرفتار کر لیا گیا۔
بہارِ ادب کا یادگار مشاعرہ، شعری و ادبی محفل سج گئی
پولیس کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ بلال کالونی کی حدود عیدگاہ گراؤنڈ سیکٹر 5E نیو کراچی میں پیش آیا، جہاں ملزم نبیل زخمی جبکہ حماد اور آصف کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، چھینے گئے موبائل فونز اور موٹر سائیکل نمبر AFR-2026 برآمد ہوئی۔
دوسرا مقابلہ تھانہ رضویہ سوسائٹی کے علاقے جہانگیر آباد ندی کنارے ہوا، جہاں احسن ملک زخمی جبکہ سلمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، راؤنڈز، آئس (منشیات) اور بلا نمبری موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
تیسرا مقابلہ دوبارہ تھانہ بلال کالونی کی حدود سناٹا پٹی سیکٹر 5H نارتھ کراچی میں ہوا، جہاں فرہاد احمد لودھی عرف سیٹھ زخمی جبکہ زین الحسن عرف فوجی کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو 30 بور پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
چوتھا مقابلہ تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے قریب صدیق آباد قبرستان میں پیش آیا، جہاں ملزم محمد اکبر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے موقع سے 9MM پستول، موبائل فون، پرس اور بلا نمبری موٹر سائیکل برآمد کی، جبکہ خول بھی تحویل میں لیے گئے۔
پانچواں مقابلہ تھانہ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی میں ہوا، جہاں بابر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
تمام زخمی اور ہلاک ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی بھی جرائم پیشہ عناصر کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
