اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) نے چھ سال کے تعطل کے بعد لندن کے لیے اپنے فضائی آپریشن کو دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز PK-785 اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 325 مسافر سوار تھے۔
طالبات سے لوٹ مار کے تین ملزمان گرفتار، وزیر داخلہ سندھ کا ایس ایس پی ایسٹ کو شاباش
پرواز کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب، ہوابازی کے اعلیٰ حکام، سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران کیک بھی کاٹا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب مسافر کو 660 سی سی گاڑی تحفے میں دی گئی، جبکہ دیگر مسافروں کو بھی یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے نے مہمانان گرامی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے کہا کہ لندن فلائٹس دونوں ملکوں اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کریں گی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے بھی پی آئی اے کو اس تاریخی روٹ کی بحالی پر مبارک باد دی اور اس کے مثبت اثرات پر زور دیا۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو براہِ راست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اسلام آباد کے علاوہ پی آئی اے 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے ہفتہ وار پروازیں بھی شروع کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر پی آئی اے 4 ہفتہ وار پروازیں چلا رہی ہے، جن میں 3 اسلام آباد اور 1 لاہور کے لیے اپریٹ ہوگی۔
یاد رہے کہ لندن پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی منزل تھی اور یہ روٹ پی آئی اے کے لیے 71 سال سے ایک تاریخی تعلق رکھتا ہے۔
