کراچی (26 مارچ 2026) – شہر قائد کراچی کے شمالی اور مغربی علاقوں میں آج صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
حج 2026: پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے زیر اثر شہر کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر معتدل جبکہ کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر گرج چمک کے بادل مضبوط ہوئے تو ہوا کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہو سکتی ہے، تاہم کل کراچی میں بارش کا امکان کم ہے۔
مزید پیشگوئی کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو شہر میں دوبارہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے 30 مارچ تک تیز ہواؤں اور بارشوں کے سلسلے کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
