اسلام آباد (26 مارچ 2026) – وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے عازمینِ حج پر پاک حج ایپ کے ذریعے میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایران کا دو امریکی جنگی طیارے گرانے کا دعویٰ، باب المندب میں نیا محاذ کھولنے کی دھمکی
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پاک حج ایپ پر طبی سوالنامہ جاری کر دیا گیا ہے، جسے عازمینِ حج کو جمعہ تک مکمل کرنا ہوگا۔ سوالنامے میں عازمین کو اپنی صحت سے متعلق معلومات "ہاں” یا "ناں” میں فراہم کرنا ہوں گی تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق سوالنامے میں بلڈ پریشر، امراضِ قلب اور شوگر سمیت مختلف بیماریوں کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں، جبکہ دمہ، گنٹھیا اور تھائی رائیڈ سے متعلق معلومات بھی فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد دورانِ حج عازمین کو بروقت اور مربوط طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب پاک حج ایپ میں حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ حج پروازوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ایپ میں مرحلہ وار نئی معلومات شامل کی جا رہی ہیں، لہٰذا عازمینِ حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین اعلانات کے لیے ایپ کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں۔
