اسلام آباد: صدر مملکت نے ملک کی تینوں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔
دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہیلپ لائن 1719 متعارف
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مجموعی طور پر متعدد اعلیٰ اعزازات کی منظوری دی گئی ہے جن میں 11 ستارۂ بسالت، 475 تمغۂ بسالت، 130 امتیازی اسناد اور 378 آرمی چیف تعریفی اسناد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغۂ امتیاز (ملٹری) بھی دیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اعزازات بری، بحری اور فضائی افواج کے افسران اور جوانوں کو ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جرات اور خدمات کے اعتراف میں دیے جا رہے ہیں۔ ستارۂ بسالت حاصل کرنے والوں میں میجر کامل حسین، میجر سبطین حیدر شہید، میجر حمزہ اسرار شہید اور میجر عدنان اسلم شہید شامل ہیں۔
اسی طرح کیپٹن حسنین اختر شہید، حوالدار علی بلاول شہید اور نائیک بخت زمین شہید کو بھی ستارۂ بسالت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ بری فوج کے سپاہی رحمان شہید اور ثقلین شہید جبکہ بحریہ کے اہلکار سہیل ارشد اور مظہر محمود کو بھی اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزازات ان اہلکاروں کی قربانیوں، بہادری اور ملک کے دفاع میں دی جانے والی خدمات کا اعتراف ہیں، جو قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
