کراچی: ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سچ دبانے سے ظلم بڑھتا ہے، انصاف عالمی ذمہ داری ہے: گورنر سندھ
ڈائریکٹوریٹ آف پریس انفارمیشن محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے مطابق صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو کو ہدایت دی ہے کہ شہر بھر میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے اور ان کی نگرانی کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ خطرناک عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کا فوری انخلاء یقینی بنایا جائے اور شہری اپنی حفاظت کے پیش نظر بوسیدہ اور ناقابلِ رہائش عمارتوں کو فوری طور پر خالی کر دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کمزور دیواروں اور زیر تعمیر عمارتوں کے قریب جانا جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاط برتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رین ایمرجنسی سینٹر میں 24 گھنٹے عملہ موجود رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔ تمام متعلقہ افسران کو بارشوں کے دوران الرٹ رہنے اور فوری کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 02199232355 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری انتظامیہ اور متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
