کراچی: گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے ’’انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور متاثرین کے وقار کے لیے حق کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سچ کو دبانے سے امن قائم نہیں ہوتا بلکہ اس سے ظلم کو تقویت ملتی ہے، لہٰذا مظلوم اقوام کو انصاف اور سچ تک رسائی دینا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آئی جی سندھ کی روٹری کلب اجلاس میں شرکت، جدید پولیسنگ پر زور
گورنر سندھ نے کہا کہ حقائق کو چھپانے سے تاریخ کا رخ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ سچ ایک نہ ایک دن سامنے آ کر رہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ ہر عالمی فورم پر مظلوموں کی آواز بلند کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے سچ اور انصاف کے لیے اپنی زندگیوں کی قربانیاں دیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ ان کے مطابق سچ کے ساتھ کھڑے رہنا ہی ایک مہذب اور منصفانہ معاشرے کی پہچان ہے۔
محمد نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ متاثرین کے وقار کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور ریاستی ادارے انسانی وقار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا معاشرہ ہی مضبوط اور مستحکم ہوتا ہے جہاں انصاف، سچائی اور انسانی حقوق کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔
