سکھر: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کر رہی ہے، کیونکہ حالات معمول کے مطابق نہیں رہے اور اگر کشیدگی یا جنگ طویل ہوئی تو اس کے اثرات ہر طبقے پر پڑیں گے۔
ٹرمپ اور عاصم منیر رابطہ، ایران کشیدگی پر سفارتی سرگرمیاں تیز
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور مختلف پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق ایندھن کی بچت موجودہ حالات میں ایک اہم ضرورت بن چکی ہے، اسی لیے سندھ حکومت نے سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کے استعمال میں 60 فیصد تک کمی کی گئی ہے تاکہ غیر ضروری اخراجات کو کم کیا جا سکے اور وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوامی سہولتوں کو متاثر کیے بغیر کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی میٹنگز میں مختلف محکمے اپنی کارکردگی اور موجودہ حالات کے مطابق حکمت عملی پیش کر رہے ہیں، جبکہ حتمی فیصلے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔
سینئر وزیر کے مطابق سندھ حکومت عوام کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے نہ صرف وسائل کی بچت ہو بلکہ انتظامی نظام بھی مؤثر انداز میں چلتا رہے۔
