کراچی: محکمۂ موسمیات کی جانب سے ممکنہ بارشوں کی پیشگوئی کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت پر شہر میں پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ کراچی پولیس چیف کی جانب سے تمام فیلڈ کمانڈرز کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
سندھ حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن پر غور، ایندھن بچانے کے اقدامات جاری
پولیس ترجمان کے مطابق بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی مؤثر نگرانی کی جائے اور جہاں پانی جمع ہو وہاں متبادل راستوں کی نشاندہی کر کے شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گشت پر مامور پولیس گاڑیوں کو ضروری آلات، ٹولز اور ایسی اشیاء سے لیس کیا جا رہا ہے جو بارش کے دوران پھنسنے والی گاڑیوں کو نکالنے میں مدد دے سکیں۔ اس کے ساتھ پولیس کو شہری انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ریسپانس دیا جا سکے۔
کراچی پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بجلی کی تاروں، کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پولیس مددگار 15 اور ٹریفک رہنمائی کے لیے 1915 پر فوری رابطہ کریں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں عوام کے تحفظ اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
