نو ڈیرو — صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بھٹو ہاؤس نو ڈیرو میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یومِ پاکستان پر وزیر داخلہ سندھ کا پیغام، اتحاد اور ترقی پر زور
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، معاشی چیلنجز، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سرحدی سلامتی اور پاک افغان سرحد کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ اور وزیرِ پیٹرولیم نے معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے کی صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ موجودہ علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
