کمشنر آفس کراچی میں کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت شہر میں فروخت ہونے والے دودھ کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اضلاع میں دودھ فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
گلشنِ اقبال میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیریز سے دودھ کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق مجموعی طور پر 17 ڈیریز سے دودھ کے نمونے لیے گئے جن میں ضلع کیماڑی سے 6، ضلع کورنگی سے 2، ضلع جنوبی سے ایک جبکہ ضلع غربی سے 8 نمونے حاصل کیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ معائنے کے دوران ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک لاکھ 59 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ غیر تسلی بخش اور ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شہر میں دودھ کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے معائنہ اور نمونہ جات حاصل کرنے کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ عوام کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
