کراچی پولیس کے ضلع ملیر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ملیر سٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گوادر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، 441 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد
ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر غازی ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کی جہاں سے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت واحد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور شہریوں سے لوٹ مار کی سرگرمیوں میں حصہ لیتا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے دیگر جرائم اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ملزم کسی منظم جرائم پیشہ گروہ کا حصہ تو نہیں تھا۔
ترجمان کے مطابق ضلع ملیر پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
