کراچی، 10 مارچ 2026 – نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کے تحت سیکٹر 11 جی بلاک ایل میں اہم شاہراہ کی تعمیر مکمل کر کے افتتاح کر دیا گیا ہے۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے شرکت کی، جبکہ وائس چیئرمین، ٹاؤن افسران، یونین کونسلز کے ارکان اور علاقہ مکین بھی موجود تھے۔
یومِ شہادت حضرت علیؓ: کراچی میں صفائی اور انتظامات کو حتمی شکل
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت سیاسی تعصب کا شکار ہے اور شہر میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کر رہی، تاہم جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں محدود وسائل کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کو پیور بلاک سے پختہ کرنے کے منصوبے کے تحت اب تک تقریباً سات سو گلیاں مکمل ہو چکی ہیں اور باقی گلیوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جس سڑک کا آج افتتاح کیا گیا ہے، وہ آخری بار 2004 میں جماعت اسلامی کے دور میں تعمیر ہوئی تھی اور اس کے بعد کئی بلدیاتی ادوار گزرنے کے باوجود اسے نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیوریج، پانی اور اسٹریٹ لائٹس کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 11 جی بلاک ایل کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ آج پورا کر دیا گیا ہے اور باقی تین سو گلیاں بھی رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کر لی جائیں گی۔ ٹاؤن انتظامیہ نے ہزاروں گھروں تک پانی کی فراہمی یقینی بنائی اور تقریباً نو کروڑ روپے سیوریج لائنوں کی تنصیب اور مرمت پر خرچ کیے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رہے گا اور شہریوں کو ان کی دہلیز تک بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
