کراچی، 10 مارچ 2026 – یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر کراچی میں صفائی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام امور کو بہترین انداز میں انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیر داخلہ سندھ کا سینٹرل پولیس آفس کا وزٹ
اجلاس میں سیکریٹری نوروز عباسی سمیت تمام متعلقہ افسران اور کمپنیز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ مرکزی جلوس اور مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف کی صفائی، پانی اور چونے کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے۔ جلوس کے راستوں بشمول نشتر روڈ، حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ، نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، جمشید روڈ، شاہ نجف روڈ، کھارادر اور دیگر اہم شاہراہیں صاف اور محفوظ رکھی جائیں گی۔
اضافی سینیٹری عملہ اور مشینری مرکزی جلوس کے لیے تعینات کی جائے گی جبکہ شکایتی کیمپ کی اجازت کے بعد مختلف جگہوں پر شکایتی کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جانب سے رابطہ نمبر 1128 اور ایپ پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن قائم رہے گی، اور جن اضلاع میں صفائی کے حوالے سے شکایات زیادہ ہیں، ان کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو قانون کے مطابق متعلقہ افسران اور کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ضلع وسطی میں گندی گلیوں کی صفائی کو تیز کرنے کے لیے اضافی عملہ اور مشینری بھی جلد فراہم کی جائے گی۔
