اسلام آباد، 10 مارچ 2026: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آئی جی سلطان احمد چوہدری کی زیر صدارت ماہانہ ریجنل کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں عید الفطر کے موقع پر قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر خصوصی ٹریفک انتظامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت سندھ کابینہ نے جامع کفایت شعاری پیکیج اور پیٹرول بچاؤ منصوبہ منظور کرلیا
آئی جی موٹروے پولیس نے عید کے دوران عوامی سہولت کے لیے سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پبلک سروس وہیکلز سے زائد کرایہ وصول کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی اور اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اوور لوڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور مقررہ مسافروں کی گنجائش پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق عید کے دوران پبلک سروس وہیکلز کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور روٹ پرمٹس کی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ قومی شاہراہوں پر حادثات کے خطرے والے مقامات اور بلیک اسپاٹس پر خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ آئی جی نے تیز رفتاری، لین کی خلاف ورزی اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی ہدایت کی۔
مزید برآں، عید سے قبل اور بعد میں متوقع ٹریفک رش اور جرائم کے سدباب کے لیے ٹول پلاز پر اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ رش کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ ٹول بوتھ کھولنے کے لیے ایف ڈبلیو او کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات مسافروں کی حفاظت، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کے روانی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ عید کے موقع پر قومی شاہراہوں پر سفر محفوظ اور منظم ہو۔
