کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کی زیرِ صدارت یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس دفتر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شیعہ کمیونٹی کے نمائندگان، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ متعلقہ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ڈی آئی بی افسران نے شرکت کی۔
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے مزید مہلک حادثات
اجلاس کے دوران سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور منتظمین سے درپیش مسائل اور تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ منتظمین نے پولیس کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجالس و جلوسوں کے پُرامن انعقاد کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے ہدایت کی کہ مجالس و جلوسوں کے دوران جامع سیکیورٹی کے انتظامات برقرار رکھے جائیں اور منتظمین سے مسلسل رابطہ قائم رکھا جائے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق شہر کے حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی، جلوسوں کے راستوں پر اسنیپ چیکنگ اور موبائل گشت کو بڑھایا جائے گا، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کے اقدامات مکمل طور پر تیار رکھے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مذہبی اجتماعات کا پُرامن انعقاد یقینی بنانا ہے۔
