پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے کے تمام رجسٹرڈ موٹرسائیکل سواروں کے لیے سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ نے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کراچی میں یونائیٹڈ مسلم فورم کا دعوتِ افطار تقریب کے ساتھ انعقاد
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے، جبکہ صوبائی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور عوامی مفاد میں سبسڈی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں تقریباً 14 سے 16 لاکھ موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور ہر موٹرسائیکل سوار کو 2200 روپے دیے جائیں گے تاکہ روزمرہ سفر کے اخراجات میں ریلیف مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی وسائل کی بچت کے لیے نئی گاڑیوں کی خرید و فروخت پر پابندی، بین الاقوامی دوروں پر پابندی اور بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے عوام پر پیٹرول کے مہنگے دام مسلط کر رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت عوام کے مفاد میں اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کورونا، سیلاب اور دیگر حالات میں عوام کے ساتھ کھڑا ہو کر اپنی ذمہ داری پوری کی، اور عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کے لیے سبسڈی اور سفری ریلیف صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
