کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے شاہراہِ فیصل کے نورانی کباب ٹرن کے قریب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے حوالہ/ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کی نگرانی میں یہ کارروائی کی گئی۔
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی پراکسی یافتہ 15 خوارج ہلاک
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی میں سب انسپکٹر مہران خان، اے ایس آئی فرحان قادری، اے ایس آئی جنید اور دیگر عملہ شامل تھا۔ گرفتار ملزمان میں آصف ولد شکور اور شعیب ولد بشیر احمد شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے حوالہ/ہنڈی کے غیر قانونی لین دین میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 کروڑ روپے نقدی برآمد کی گئی جبکہ دو موبائل فونز بھی تحویل میں لیے گئے۔ موبائل فونز سے حوالہ/ہنڈی کے ڈیجیٹل شواہد اور لین دین کا مکمل ریکارڈ حاصل ہوا، جسے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد تحویل میں رکھا گیا۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 18/2026 درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کے خاتمے اور قانون کی عملداری کے لیے مستقل جاری رکھی جائیں گی۔
