کراچی: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے ضلع کورنگی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کاشف خان، عزیر امتیاز اور جاوید شیخ کے منظم کرپشن ’سسٹم‘ کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے۔ چھاپوں اور تحقیقات کے دوران کچھ سہولت کار افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ بااثر افسران گرفتاری سے بچنے کے لیے مفرور ہو گئے۔
سندھ حکومت کا بلڈرز کے خلاف بڑا اقدام: تاخیر والے منصوبے ڈی لسٹ کیے جائیں گے
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی خصوصی ٹیموں نے گزشتہ رات دیر گئے مفرور ملزمان کے ٹھکانوں اور گھروں پر چھاپے مارے، جس سے کورنگی میں غیر قانونی ہائی رائز بلڈنگز اور زمینوں پر قبضے کا نیٹ ورک مفلوج ہو گیا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کاشف خان، عزیر امتیاز اور جاوید شیخ نے ایک ایسا غیر قانونی نظام قائم کیا تھا جس کے ذریعے نقشوں کی خلاف ورزی اور زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی پشت پناہی کی جا رہی تھی۔
اینٹی کرپشن حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سرکاری افسر کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ مفرور ملزمان کی جائیدادیں منجمد کر دی گئی ہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔ حکام نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ان ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے دیگر بڑے ناموں کو بھی جلد ہی انکوائری کے دائرے میں لایا جائے گا۔

