کراچی: Sindh Building Control Authority (ایس بی سی اے) نے ضلع ایسٹ میں مبینہ غفلت، فرائض میں کوتاہی اور غیر قانونی تعمیرات کے معاملات پر بڑا انتظامی اقدام اٹھاتے ہوئے چار افسران کو معطل اور ایک افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
کراچی: گلبائی فلائی اوور کے قریب کسٹمز کی بڑی کارروائی، 800 اسمگل شدہ موبائل فونز برآمد
ایس بی سی اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع ایسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسین خوشک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عرفان احمد سومرو، سب بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب علی خان اور بلڈنگ انسپکٹر ساجد علی ڈیٹھو کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق معطلی کے احکامات فوری نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گے۔ معطل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایس بی سی اے کے ایڈمنسٹریشن سیکشن کو ہیڈکوارٹر تصور کرتے ہوئے وہیں رپورٹ کریں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین کی جانب سے ضلع ایسٹ میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر (لک آفٹر) انجینئر مبشر عالم شیخ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی مبینہ غفلت، نااہلی اور سرکاری فرائض کی عدم تعمیل کے باعث ان کے دائرہ اختیار میں غیر قانونی اور بغیر اجازت تعمیرات جاری رہیں۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسر کے اقدامات بدانتظامی اور سنگین غفلت کے زمرے میں آتے ہیں، جس پر ایس بی سی اے کے ایفی شینسی اینڈ ڈسپلن ریگولیشنز 2016 کے تحت محکمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔ انہیں سات روز کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق یہ اقدام ضلع ایسٹ میں غیر قانونی تعمیرات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے، جبکہ مزید محکمانہ کارروائی بھی متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق بڑھتی شکایات کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف سخت اقدامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔


