کراچی: ویسٹ زون کے تحت ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان (PSP) کی ہدایت پر ڈیوٹی سے غیر حاضری اور فرائض میں غفلت برتنے والے 17 پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ملیر: سیکیورٹی حکمت عملی پر ایس ایس پی اجلاس
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ڈیوٹی میں لاپرواہی، نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور غیر حاضری کے مرتکب اہلکاروں کو بطور سزا ایک روز کے لیے کوارٹر گارڈ کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام فورس کے اندر نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں ڈیوٹی سے غفلت اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ بھی ایسے اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ فورس میں ڈسپلن اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بہتر اور مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنا اور محکمہ پولیس میں جوابدہی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔