کراچی: ضلع ملیر پولیس نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ایس پی ملیر، تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
امارات نے ایران پر حملے کے لیے فضائی حدود بند کر دی
اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان اور جرائم کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں مؤثر نگرانی مزید سخت کی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں تیز کی جائیں۔
تمام تھانوں کی نفری کو ہائی الرٹ رکھنے اور ریزرو فورس کو ہمہ وقت تیار رکھنے کے احکامات دیے گئے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ خاص طور پر رمضان المبارک کے پیش نظر مارکیٹس، مساجد، امام بارگاہوں اور مقاماتِ تراویح پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
ایس ایس پی نے سحری اور افطار کے اوقات میں پیٹرولنگ بڑھانے، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور ہائی ویزیبل پیٹرولنگ کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور آن گراؤنڈ مانیٹرنگ کے ذریعے جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانے کی تلقین کی۔
اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ انداز میں ادا کریں۔


