زمان ٹاؤن کے علاقے میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ٹکر کارلسن کا دعویٰ: قطر اور سعودی عرب میں موساد ایجنٹس گرفتار
پولیس کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی جانب سے سخت احکامات جاری کیے گئے تھے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او زمان ٹاؤن غازی ایاز خان، ہیڈ محرر ایاز عباسی اور شفیق عباسی معمول کی گشت پر تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی کریک کے قریب مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت محمد اقبال جبکہ اس کے ساتھی کی شناخت معین کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ گولیاں، دو موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ زیر استعمال موٹرسائیکل اور ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او غازی ایاز خان نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

